غیرسنجیدہ، غیرذمہ دارانہ رویے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی عمل کے لیے خطرے کی گھنٹیاں ہیں،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی، قومی امور لیاقت بلوچ نے لاہور کے ضمنی انتخاب میں صوبائی حلقوں 158، 167 میں ورکرز کنونشن اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست، حکومت اور معیشت و معاشرت میں فساد اور تلخیوں کا زہر گھول دیا گیا ہے۔ غیرسنجیدہ، غیرذمہ دارانہ رویے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی عمل کے لیے خطرے کی گھنٹیاں ہیں۔ پی ڈی ایم، پی پی پی، پی ٹی آئی کا مشترکہ ایجنڈا عام آدمی کو دکھ، رنج اور محرومیاں دینا ہیں۔ سیاسی دھڑے، بگڑے اشرافیہ میں انہیں عزت، غیرت، وقار اور اخلاقی قدروں سے کوئی سروکار نہیں۔ اقتدار کی ہوس اور اسٹیبلشمنٹ کو دباؤ میں لاکر اپنی طرف جھکاؤ میں لانا اِن کا ہدف، ووٹ کو عزت، امریکہ کی غلامی سے نجات کے نعرے سراسر دھوکہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ضمنی انتخاب عوام کے پاس سنہرا موقع ہے کہ آزمائے ہو ئے اور ملک کی تباہی کے ذمہ دار سیاسی آوارہ گردوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں، جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ ووٹرز ترازو پر مہر لگائیں، ملک بھر کے محب دین، محب وطن عوام کو بڑا حوصلہ ملے گا اور جماعتِ اسلامی ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ پورے ملک میں سالہا سال سے مسلط حکمرانوں کی کارکردگی کو حالیہ بارشوں نے بے نقاب کردیا ہے۔ پورے نظام کی بربادی کے ذمہ دار حکمران ٹولے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ڈی ایم، پی پی پی او رپی ٹی آئی کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان کو سیکولر، لبرل، لادین اور مغربی مادر پدر آزاد تہذیب کا گڑھ بنانا ہے۔ پاکستان کو بے اصول، مفاد پرست، اندھی جامد تقلید اور زہریلی پولرائزیشن کے دھڑوں تک محدود رکھنا اِن کا مشترکہ ہدف ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں کشمیرپر سودے بازی، بھارت سے تجارت، ثقافتی تعلقات کی بحالی اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ آئین، جمہوری اقدار، پارلیمانی روایات اور اسلامی قوانین کو بے جان کرنا، سود، قرضوں اور کرپشن کی لعنت کو مسلط رکھنے کے لیے عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو ایک پیج پر ہیں۔ اختلاف صرف اقتدار کی کرسی حاصل کرنے کا ہے۔ اگر یہ قیادتیں مخلص ہیں تو انتخابی اصلاحات، آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات، ہر استعماری قوت سے نجات کے لیے قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کریں۔