عمران خان نے کال دی تو تباہ حال ملک نئے بحران میں داخل ہوجائے گا، شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کال دی تو تباہ حال ملک نئے بحران میں داخل ہو جائے گا۔ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے دھونس دھاندلی اور ناجائز گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور ووٹ کو عزت دینے والے ووٹ کو لاہور کے اندر ذلیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہارنے سے زیادہ غنڈہ گردی، دھونس دھاندلی اور انارکی پھیلانا بری بات ہے جبکہ قوم کے جذبات کی مزید توہین نہ کی جائے۔ کرپشن، مہنگائی کی ڈسی قوم پہلے ہی حکومت سے نفرت کی انتہا پر ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے کال دی تو تباہ حال ملک نئے بحران میں داخل ہو جائے گا اور آپ جو کھیل کھیلنے جا رہے ہیں اس میں خود دھنستے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلے کو عزت دیں اور ووٹ کو عزت دیں۔