پی ٹی آئی کی پری پول دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر، ن لیگ کو فریق بنایا


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔پی ٹی آئی نے درخواست میں ن لیگ کو فریق بنایا ہے، پی ٹی آئی نے دھاندلی کے خلاف مفصل دستاویزی شواہد بھی الیکشن کمیشن کو جمع کروا دئیے ہیں۔

درخواست جمع کروانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان، ریاض فتیانہ اور افتخار درانی الیکشن کمیشن پہنچے۔میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم نے پی پی 140 شیخوپورہ کے حوالے سے ثبوت رکھے ہیں کیونکہ اسی حلقے کے ووٹ 2 ہزار سے بڑھا کر 5572 ووٹ تک کردیے گئے ہیں، یہ پری پول دھاندلی کی اقسام ہیں، وزرا کا جانا اور تاثر دینا، سرکاری مشینری کا استعمال اس سب کی روک تھام ضروری ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پٹیشن جمع کرائی ہے، ہم نے قبل از وقت اس لیے پٹیشن دائر کی ہے تاکہ کوئی یہ نہ بولے پہلے تو کوئی اعتراض نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 20نشستوں پر ضمنی انتخابات پر ن لیگی حکومت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، چھاتہ برداروں کی طرح وفاقی و صوبائی وزراء اپنی وزارتوں سے استعفے دے رہے ہیں لیکن یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کریں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفرز بے دریغ کی جا رہی ہیں، ترقیاتی کاموں کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، یہ پرانے ہتھکنڈے ہیں جن سے امپورٹڈ حکومت جیتے گی نہیں البتہ وہ ناکام اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک پبلک سرونٹ ڈی پی او جھنگ بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ راجن پور کے ڈپٹی کمشنر بھی کھلے عام مہم چلا رہے ہیں۔