مسلم معاشروں میں فساد قرآن و سنت کے احکامات سے رو گردانی کا نتیجہ ہے ۔ لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم معاشروں میں فساد  قرآن و سنت کے احکامات سے رو گردانی کا نتیجہ ہے ۔ اتحاد امت ، غلبہ دین اور اسلام کا معاشی نظام ہی عالم اسلام کو بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں پاکستان کو اسلامی خوشحال اور مستحکم بنائیں گے ،عید قربان کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ اللہ اور رسول ۖ کے ہر حکم کے تابع و مطیع بن جائیں۔

لیاقت بلوچ جامع مسجد اعلیٰ میں خطاب اور ضمنی الیکشن سے متعلق  انتخابی مہم میں کارنر میٹنگز سے خطاب کررہے تھے ، جامع مسجد اعلیٰ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قربانی دین اسلام  کا عظیم شعائر اور بہت اہم عبادت ہے ۔ قربانی کے نیک جذبہ سے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہوتا ہے ۔ اسلام کی تعلیمات میں قربانی محض سنت ابراہیمی ہی نہیں عملی طور پر اہل ایمان کو ہر طرح کی قربانی ، ایثار کے لیے تیار کیا جاتا ہے ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا امتیاز ہے کہ تین بڑے مذاہب اسلام ، عیسائیت ، یہودیت ان کی طرف انتساب کرتے ہیں اور فخر جتاتے ہیں لیکن عیسائیت اور یہودیت نے حق کا راستہ  چھوڑ دیا جبکہ خاتم الانبیا کی امتی راہ حق پر قائم دائم ہیں عید قربان کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ اللہ اور رسول ۖ کے ہر حکم کے تابع و مطیع بن جائیں ۔ شدید مہنگائی اور افراط زر کے باوجود اہل ایمان اپنی ضرورتیں قربان کر کے قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہ عید الاضحیٰ اور عید الفطر مسلمانوں کے خوشیوں کے دن ہیں ۔ تقویٰ نیک اعمال اختیار کرنا اور نفرتوں تعصبات کو ترک کر کے انسانی معاشرہ کو امن بھائی چارہ ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنا ، ایثار و قربانی کی صنف پیدا کرنا اسلام کی تعلیم ہے ۔ مسلم معاشروں میں فساد پھیل گیا ہے یہ قرآن و سنت کے احکامات سے رو گردانی کا نتیجہ ہے ۔ اتحاد امت ، غلبہ دین اور اسلام کا معاشی نظام ہی عالم اسلام کو بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے لاہور کے صوبائی حلقہ جات 167/168/158 کے ضمنی انتخاب میں خالد احمد بٹ اور عمیر اعوان  اور چیئرمین عثمان غنی کی انتخابی مہم میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے اپنے اپنے بیانیوں سے یو ٹرن لے لیا ہے ۔ بازاری سیاست نے سیاسی جمہوری اور اخلاقی اقدار کو تباہ کر دیا ہے ۔ سیاسی ، جمہوری ، معاشی اور اخلاقی کرپشن سماج کے لیے کینسر بنا دی گئی ہے ۔

ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم میں ثابت کر دیا ہے کہ ووٹ کو عزت دو ، غلامی سے نجات کے نعرے جھوٹ اور فریب ہیں ۔ آئی ایم ایف کی غلامی ، مہنگائی کی تباہی کے ذمہ دار فوجی ڈکٹیٹر اور نا اہل کرپٹ سیاسی مقتدر طبقہ ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں پاکستان کو اسلامی خوشحال اور مستحکم بنائیں گے ۔ سود کی لعنت اور قرضوں سے نجات خود انحصاری قومی وسائل پر  انحصار اور اپنی انسانی صلاحیتوں پر اعتماد کے ساتھ ممکن ہے ۔ بیرون ملک پاکستانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ووٹ کا جمہوری حق ان کا بنیادی حق ہے ۔