پی ٹی آئی رہنماؤں کا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل


اسلام آباد(صباح نیوز)سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کی تبدیلی کی سازش کا ایک اور تختہ گر گیا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ آج آئین اور قانون کی عظیم فتح ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شریف کو کالعدم جعلی وزیر اعلیٰ قرار دے کر تحریک انصاف کا موقف سچ ثابت کر دیا گیا ۔

شیریں مزاری نے کہا کہ امریکی حکومت کی تبدیلی کی سازش کا ایک اور تختہ گر گیا، پنجاب میں امپورٹڈ حکومت چلی گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بیوروکریسی اور پولیس کو خبردار کیا جائے اور ان کی سیاسی انتقامی کارروائیوں کو روکا جائے۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور لیڈروں کو ہراساں کرنا اب بند کیا جائے۔

عمران خان ایک اور قانونی جنگ جیت گئے ہیں، عثمان ڈار

تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان ایک اور قانونی جنگ جیت گئے ہیں۔ عثمان ڈار نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ کوئی رہ تو نہیں گیا جو ذلیل ہونے سے بچ گیا ہو؟ لوٹے بھی فارغ اور لوٹوں کا سرغنہ ککڑی بھی فارغ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا عدالتی فیصلہ ثابت کر رہا ہے کہ حمزہ شہباز کا انتخاب، وزارت اعلیٰ، کابینہ اور فیصلے سب غیر آئینی تھے۔ عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ میرا لیڈر عمران خان ایک اور قانونی جنگ جیت گیا، پنجاب واپس آئیگا،کوئی رہ تو نہیں گیا جو ذلیل ہونے سے بچ گیا ہو؟ لوٹے بھی فارغ اور لوٹوں کا سرغنہ ککڑی بھی فارغ۔ آج کا عدالتی فیصلہ ثابت کر رہا ہے کہ حمزہ شہباز کا انتخاب، وزارت اعلیٰ، کابینہ اور فیصلے سب غیر آئینی تھے، الحمداللہ میرا لیڈر عمران خان ایک اور قانونی جنگ جیت گیا! پنجاب واپس آئیگا ۔

ہائیکورٹ کے فیصلے نے پنجاب میں سیاسی بحران میں اضافہ کر دیا،فواد چوہدری

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب بہت مشکل ہے ،نئے انتخابات ہی راستہ ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے نے پنجاب میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ کر دیا ،

اگر حمزہ وزیر اعلیٰ نہیں رہا تو نگران وزیر اعلیٰ کے طور پر عثمان بزدار اپنے عہدے پر بحال ہیں، میٹنگ بلا لی ہے ہائیکورٹ کے فیصلے میں خامیوں کو لے کرسپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، اس اسمبلی میں نئے وزیر اعلی کا انتخاب بہت مشکل ہے اب بھی نئے انتخابات ہی راستہ ہیں۔

اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہو گی، شہباز گل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباززگل نے کہا ہے کہ اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہو گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے پر کہا ہے کہ اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہے۔شہباز گل نے لکھا کہ پنجاب سے امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کے بعد اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہے انشا اللہ۔

حمزہ شہباز اب وزیرِ اعلیٰ پنجاب نہیں رہے،میاں محمود الرشید

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اب وزیرِ اعلی پنجاب نہیں رہے۔لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عدالتِ عالیہ نے پی ٹی آئی کی تینوں پٹیشنز منظور کر لی ہیں۔میاں محمود الرشید کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے لیے اب نیا انتخاب ہو گا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا کہ 2ماہ سے ہم پر جو عذاب مسلط تھا اللہ تعالی نے اس سے نجات دلا دی۔ا نہوںنے کہا کہ پنجاب میں نئے وزیرِ اعلیٰ کے لیے الیکشن ہونا ہے، تحریکِ انصاف کوآئینی اور اخلاقی طور پر بھی فتح ملی ہے۔