الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے افغان زلزلہ زدگان کے لئے پانچ ٹرکوں پرمشتمل امدادی سامان افغانستان کیلئے روانہ


پشاور(صباح نیوز)افغانستان کے صوبہ خوست اور پکتیکا میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان پرپاک افعان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جاب سے مزیدپانچ ٹرکوں پرمشتمل امدادی سامان انگوراڈہ بارڈر کیلئے روانہ کردیاگیا جس میں ادویات،فوڈپیکجز،خیمے،ترپالیں،کمبل اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔

پشاور سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کرنے کے موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر خالد وقاص نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آج افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کی جارہی ہے،اب تک الخدمت فاؤنڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے تقریبا تین کروڑ روپے مالیت کاامدادی سامان خوست اور پکتیکا کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے روانہ کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ دونوں صوبوں میں ہماری امدادی ٹیمیں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں اورسروے کے بعدمتاثرہ علاقوں میں فوری ضرورت کی اشیاء کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے، عنقریب ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل مزید میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں کے لئے روانہ کی جائیں گی۔

انہوں نے اہل خیر افراد سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امدادکے لئے الخدمت فاونڈیشن کا ساتھ دیں تاکہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے زلزلہ متاثرین کی مشکلات پر مشترکہ کاوشوں کے ذریعے قابوپایا جاسکے۔

اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن ڈیزاسٹرمینجمنٹ پروگرام کے مینجر آصف جمال اور خیبر پختونخوا ریجن کے میڈیا مینجر نورالواحدجدون و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے