چیلنجز کے باوجود ہم عوام کو آسانیاں دینے کے لئے موجود ہیں، حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چیلنجز موجود ہیں لیکن ہم عوام کو آسانیاں دینے کے لئے یہاں موجود ہیں اور جو بھی ہو گا، آئین و قانون کے مطابق ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں قانون موجود ہے لیکن انصاف میں تاخیر ہوتی ہے اور لاقانونیت کا قلع قمع کرنا ہمارا مقصد ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نئے پاکستان والوں نے پرانے پاکستان کو بھی خراب کیا ہے لیکن ہم سب کو اکھٹا کر کے قانون پر عملداری کے نظام کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پولیس میں بھرتیوں کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اگر سیاسی طور پر سفارشی بھرتیاں ہوتی رہیں تو پولیس کس طرح کام کریگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران آئینی بحران لایا گیا اور 3ماہ سے سپیکر اور صدر، عمران خان کے حکم پر آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں لیکن یہ آئینی بحران عوام کو سستا آٹا دینے سے نہیں روک سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینسر کی ادویات سے عوام کو محروم کیا گیا لیکن اب دوائیاں بھی عوام کو مفت میسر آئینگی۔