ملک کے زوال کی وجہ کرپشن، سودی معیشت اور نااہل قیادت ہے۔ راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مارشل لاز اور تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومتوں نے مل کر پاکستان کو معاشی، معاشرتی اور اخلاقی تباہی سے دوچار کیا۔ 22کروڑ کی افرادی قوت اور ایٹمی طاقت رکھنے والے وسائل سے مالا مال ملک کی حالت آج اس کے سبھی پڑوسیوں سے بری ہے۔ زوال کی وجہ کرپشن، سودی معیشت اور نااہل قیادت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان کا گزشتہ سات دہائیوں میں سفر زوال کی جانب ہے۔ آج بنگلہ دیش اور افغانستان پاکستان معاشی لحاظ سے زیادہ مضبوط ہیں۔ ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بنگلہ دیش منتقل ہو رہی ہے۔ کرنسی روز نیچے جا رہی ہے۔ ایک وقت تھا کہ پاکستان کی ائیرلائن دنیا کی ٹاپ ائیرلائنز میں شمار ہوتی تھی۔ یہاں ایشیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگی، ہمارا کھیلوں میں دنیا بھر میں نام تھا، لیکن آج ہر شعبہ زوال کا شکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ایمان دار قیادت مل جائے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے اور جماعت اسلامی ملک کو وہ قیادت دے سکتی ہے جو اسے ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کر سکتی ہے۔