پراسرار بیماری سے جانورہلاک ہونے لگے،کسانوں میں تشویش


سرگودھا(صباح نیوز)سرگودھا ڈویژن کے دوردراز علاقوں میں جانوروں کی پر اسرار بیماری اور ان کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث فارمر ز میں تشویش پائی جانے لگی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے صورتحال کی رپورٹ طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق سرگودھا ڈویژن کے علاقہ بنی افغان، پیر پہائی اور اطراف کی آبادیوں میں جانوروں کی یہ بیماری وباکی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے جس سے اب تک درجنوں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ویکسی نیشن تو لگائی جا رہی ہے تاہم اس بیماری کی تشخص نہیں ہو پا رہی ،یہ بیماری سب سے پہلے نواب آف کالا باغ کے رقبہ جات مسان سے شروع ہو کر بنی افغان، ڈھوک بھرتال اور اب پیر پہائی تک آ ن پہنچی ہے ، فارمرز نے کہا کہ شام کے وقت جانوروں کے ناک سے خون آنا شروع ہو جاتا ہے اور آنکھوں سے پیلے رنگ کا پانی نکلنے کے کچھ دیر بعد جانور کی موت واقع ہو جاتی ہے ،

اس کے علاوہ پورے جسم پر پھوڑے نما داغ بھی دیکھے گئے ہیں، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان مرے ہوئے جانوروں کا گوشت کھانے والے جنگلی گیدڑ بھی مردہ پائے گئے ، اس سلسلہ میں عوامی حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹیں شیئر ز کی جا رہی ہیں تاہم لائیو سٹاک حکام سے صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی جا رہی ہے،اس سلسلہ میں انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ پر صوبائی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور مربوط اقدامات اٹھاتے ہوئے ہر ممکن وسائل استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔