ظلم کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کی مقدس جدوجہد جہاد ہے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ شہباز شریف حکومت نے سودی نظام کی بقا ء کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرکے اللہ ورسول ۖ سے واضح جنگ کااعلان کردیا۔ مہنگائی، سود،کرپشن اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک کوتیزترکریں گے 74برسو ں سے قائم ظالمانہ نظام کے خاتمے کا وقت آگیا ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کی مقدس جدوجہد جہاد ہے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے ٹرین مارچ کے دوران مختلف مقامات اورریلوے اسٹیشن صدرمیں منعقدہ عظیم الشان احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد،امیرضلع سیدعار ف شیرازی،صدرجماعت اسلامی لیبرNLFپاکستان شمس الرحمن سواتی،قائمقا م صدرجے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر،صوبائی صدر اویس اسلم مرزا سمیت دیگرذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔

نائب امیرصوبہ محمدضیغم مغیرہ ،صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش،رضااحمدشا ہ ،محمدتاج عباسی سمیت دیگرذمہ داران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ کارکنان اورعوام الناس نے ٹرین مارچ کے قائدین اورشرکاء کااستقبال کیا اورحکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ کارکن اللہ کی راہ میں اپنے پائوں گردآلودکرکے مظلوم کوظلم سے نجات دلانے میں اپنا بھرپورحصہ ڈالیں ،بلٹ اورسیاسی دہشتگردی کے مقابلے میں ہماری طاقت عوا م کے بیلٹ ہیں ،قوم کرپٹ اشرافیہ اور ظلم سے نجات کے لیے ووٹ کی قوت جماعت اسلامی کے پلڑے میں ڈالے ہم اسلامی وفلاحی ریاست کی نوید سناتے ہیں۔

اقبال خان نے کہاکہ کرپشن میں لتھڑا بدعنوان ٹولہ پارلیمنٹ میں حق کی آوازبندکرنے کاخواہشمندہے لیکن ڈالرکے پجاری جان لیں جماعت اسلامی کے نمائندے کی قیمت ہوتی ہے نہ بلیک میلنگ اوردھونس کے ذریعے اس سے کچھ منوایاجاسکتا ہے ،نواز لیگ کوبارباراصلاح کا موقع ملالیکن شاید ان کے مقدرمیں ذلت اور رسوائی کے سواکچھ بھی نہیں۔