قائد اعظم کے پاکستان میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے یورپی یونین جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے پرنسپل ٹریڈ ایڈوائزر گوس ہوٹن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں جی ایس پی پلس کے بارے میں مختلف کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،

حمزہ شہباز نے جی ایس پی پلس کے بارے میں مختلف کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کا بل پنجاب اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے، لوکل گورنمنٹس کے نئے نظام میں خواتین، اقلیتوں اور یوتھ کے لئے مخصوص نشستوں میں اضافہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین اور اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے لئے ہمارے سابقہ دور میں ضروری قانون سازی کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں پنجاب حکومت نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا،

اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے 85 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا، ان بچوں کو مفت تعلیم کیساتھ ماہانہ وظیفہ بھی دیا، چائلڈ لیبر کے خلاف اسی عزم کے ساتھ کام کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان میں بلاامتیاز سب شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے چیلنج کا بہادری کیساتھ سامنا کیا، قائد اعظم کے پاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، تحمل،برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے۔