معیشت بند گلی میں پہنچ چکی ،نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا،سراج الحق


رحیم یارخان(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکمران ملکی نہیں آئی ایم ایف کے مفادات پر کام کر رہے ہیں، معیشت بند گلی میں پہنچ چکی ہے جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا، پاکستان سب سے زیادہ گندم اور چاول پیدا کرنے والا ملک ہے لیکن چاروں طرف بے روزگاری اور اندھیر نگری ہے،کشمیر بھارت اور اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا۔

ٹرین مارچ کے آغاز سے قبل رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو پتہ تھا آج ہمارا ٹرین مارچ ہے ،پھر بھی ٹرین لیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ باہر کی کمپنیوں سے مہنگے داموں معاہدے کرکے ملک کو تباہ کیا

انہوں نے کشمیر بھارت اور اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے جبکہ بھارت بھی اپنے کاشتکار کو سہولیات دیتا ہے لیکن یہاں سفارش و رشوت کے بغیر گولڈ میڈلسٹ کو بھی نوکری نہیں ملتی۔

سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو نچوڑ کر رکھ دیا ہے، حکمرانوں کی پالیساں میرا چور زندہ باد اور تمہارا چور مردہ باد کے علاوہ کچھ نہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف نے تمام شرائط مکمل ہونے پر سوائے شاباش کے کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی 5 فیصد زمیندار 65 فیصد زمین پر قابض ہیں، بلوچستان کے لوگ پریشان ہوکر سراپا احتجاج ہیں اور ملک کا 62 فیصد پانی ضائع ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مافیا کو نوازا ہے، روٹی کپڑے اور ریاست مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 11سو ارب کراچی کی ترقی دینے کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے 11سو ارب کی بجائے 11روپے تک نہیں دیئے ۔