سراج الحق کل بروز ہفتہ سے رحیم یار خان تا راولپنڈی ٹرین مارچ کی قیادت کریں گے، قیصر شریف


لاہور(صبا ح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف ٹرین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق رحیم یار خان تا راولپنڈی ٹرین مارچ کی قیادت کریں گے۔

رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن سے ہفتہ کو شروع ہونے والے تین روزہ ٹرین مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ رحیم یار خان سمیت دیگر شہر وں میں جماعت اسلامی کے کارکنان عوام میںٹرین مارچ میں شرکت کے لیے دعوت نامے تقسیم کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ٹرین مارچ پنجاب میں عوامی مایوسی کو اُمید میں تبدیل کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 25 جون کوملتان،26جون لاہور،27 جون کو راولپنڈی میں بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔راولپنڈی میں ہونے والے اختتامی جلسہ میں امیر جماعت آئندہ کا لائحہ عمل بھی دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کے پہلے مرحلے میں رحیم یار خان سے ملتان تک امیر جماعت خانپور،لیاقت پور،ڈیرہ نواب صاحب،سمہ سٹہ، بہاولپور، لودھراں، شجاع آباد کے ریلوے اسٹیشن پر استقبال کرنے والے عوام سے بھی خطاب کریں گے۔ پہلے روز کا اختتامی جلسہ ملتان ریلوے اسٹیشن پر ہو گا۔ امیر جماعت 26 جون کو ملتان سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ راستے میں وہ خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ، پتو کی، کوٹ رادھا کشن، رائے ونڈ، کوٹ لکھپت میں استقبالیہ جلسوں کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

سراج الحق لاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر26 جون بعد نماز مغرب بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ 7 2جون کو ٹرین مارچ کے تیسرے اور آخری مرحلے میں امیر جماعت راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے اور راستے میں وہ گوجرانوالا،وزیر آباد،گجرات،لالہ موسیٰ،جہلم،گوجر خان میں استقبالیہ جلسوںسے خطاب کریں گے۔ 27 جون رات 8 بجے سراج الحق راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے باہربڑے اختتامی جلسے سے خطاب کریں گے۔قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ مہنگائی ، کرپشن اور سودی نظام کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ غریب عوام سے قربانیاں لینے کی بجائے اب مراعات یافتہ طبقہ قربانیاں دے، غیر ترقیاتی اخراجات ختم کیے جائیں اور ملک کے وسائل غریبوں پر صرف کیے جائیں۔