صوبہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کا فوری ایکشن، امیدواران اور محکموں کو تنبیہی نوٹسزجاری


لاہور(صباح نیوز)صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20حلقوں میں 17جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے امیدواران اور محکموں کو تنبیہی نوٹسزجاری کر دیئے۔PP-237 بہاولنگر میں انتخابی امیدواران اور پارٹی ورکرزکے درمیان جھڑپ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر محمد شفیق نے انتخابی امیدواران فدا حسین، راشد محموداور فخرالدین کو کل 25جون بوقت گیارہ بجے طلب کر لیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بہاولنگر نے واقع پر مزید کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر کو فوری طور پر ناخوش گوار واقع کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔مزید برآں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد زرویاامجد نے عبدالرحیم بابر ڈوگر،ویلفیئر آفیسر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیا اور 27جون کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے روبرو پیش ہونے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

ویلفیئر آفیسر (BISE) کے خلاف شکایت میں یہ لکھا گیا کہ انہوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا اور سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ملتان حیدر ریاض نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ پنجاب کو خط ارسال کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ وہ بوجہ انعقاد ضمنی انتخابات امتیاز احمد کھچی کے بطور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ ملتان ریجن تعیناتی کے احکامات واپس لے لیں۔تاکہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ پنجاب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر فوری جواب بھی طلب کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر شیخوپورہ علی حسنین نے گذشتہ روز PP-140شیخوپورہ کے امیدوار میاں خالد محمود کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 24جون کو طلب کیا تھا۔ مذکورہ امیدوار نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے روبرو پیش ہو کر حلفیہ بیان دیا کہ وہ اپنی انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر خوشاب روبیل ظفر نے انتخابی امیدوار PP-83خوشاب محمد آصف بھاہ کو انتخابی مہم میں تقریر کے دوران غیر مناسب تنقیدی الفاظ استعمال کرنے پر تنبیہی نوٹس جاری کر دیا جس میں ضابطہ اخلاق کی مزید خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار کے خلاف انضباطی کارروائی، جرمانہ اور نااہلی کی سزا دی جا سکتی ہے۔