اسپیکرچوہدری پرویز الہی کا اسمبلی استحقاق بل منسوخ


لاہور(صباح نیوز) پنجاب اسمبلی نے اسپیکرچوہدری پرویز الہی کا اسمبلی استحقاق بل منسوخ کردیا۔پنجاب اسمبلی میں مختلف بل پیش کئے گئے۔ ایوان نے پنجاب اسمبلی استحقاق بل 2022 کے ذریعے سرکاری ملازمین کیخلاف سخت سزائیں دینے کا قانون ختم کر دیا۔ قانون کے تحت استحقاق کمیٹی کو سرکاری افسران کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنانے کا اختیار دیا گیا تھا۔

وزیراعلی پنجاب کو عہدہ چھوڑنے کے بعد ملنے والی متعدد مراعات کے خاتمے کا بل منظور کر لیا گیا۔ ایوان نے سابق وزرائے اعلی کی مراعات کے حوالے سے عثمان بزدار حکومت کی ترامیم قانونی بل کے ذریعے متفقہ طور پر ختم کر دیں۔بل کے ذریعے بزدار دور میں منظور کی گئی سابق وزرائے اعلی اور وزرا کی اضافی مراعات کا خاتمہ کر دیا گیا۔پی ٹی آئی حکومت نے سابق وزرائے اعلی کے لئے ایلیٹ کی 2گاڑیاں اور 17ویں گریڈ سے اوپر 2 افسروں سمیت مجموعی طور پر 5 افسروں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

حالیہ ترمیم کے بعد سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا مراعات کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔پنجاب منسٹرز ترمیمی بل 2022کے ذریعے وزیراعلی اور وزرا کی 2019کی مراعات بحال کر دی گئیں۔ صوبائی اسمبلی کو محکمہ قانون کے ماتحت کرنے کے آرڈیننس کی منظوری دے دی گئی۔ ایوان نے پروونشل اسمبلی سیکرٹریٹ سروسز بل 2022کے ذریعے گورنر پنجاب کے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔