تجربہ کاری کے دعویدار عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں،پرویزالٰہی


لاہور(صباح نیوز)سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تجربہ کاری کے دعویدار عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں۔ مسلم لیگ  (ق)راولپنڈی کے صدرزبیر خان کی قیادت میں وفد نے چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات بارے بات چیت کی گئی اور ہدایت کی گئی کہ پارٹی رہنما تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مہم چلائیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ تجربہ کاری کے دعویدار عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں، معیشت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کے لیے تیار رہنے کا کہا جارہا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یہ حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے لیکن روز نیا ٹیکس ضرور لگا دیا جاتا ہے جس کے بعد بجلی، گیس  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام میں حکمرانوں کے خلاف غصے کی لہر ہے جس کی وجہ سے عوام ضمنی انتخاب میں نااہل حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ دیں گے۔

سترہ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جعلی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استعمال کر رہی ہے تاہم جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔