الیکشن کمیشن سے لے کر ہر ادارے پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، فیاض الحسن


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے لے کر ہر ادارے پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی الیکشن ملک اور صوبے کے اداروں کے لیے امتحان بن چکے ہیں، ادارے اس امتحان میں بری طرح فیل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے لے کر پولیس انتظامیہ، تعلیم اور زراعت ہر ادارے پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سرکاری دھونس، بدمعاشی، پری ہول دھاندلی اپنے عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی غیر آئینی وزارت اعلیٰ کو بچانے کے لیے اداروں کا غیر قانونی کردار عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت، امیدوار اور عوام دھاندلی کے تمام عناصر سے بخوبی آگاہ ہیں، دھونس اور دھاندلی کے تمام ایکٹرز اور فیکٹرز 17جولائی کو ناکام ونامراد ہونگے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کی عوام 17ولائی کو انجمن غلامان امریکا کو ووٹ کے ذریعے مسترد کرے گی۔