شہباز شریف کاافغانستان میں زلزلے سے جانی نقصان پراظہارافسوس،ہر ممکن مددکا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے فغانستان میں 6.1 شدت کے زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے افغان بھائی بہنوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغان صوبے پکتیا میں زیادہ جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات خاص طور پر پکتیکا کے علاقے میں اموات پر دلی افسوس ہے، پاکستان کی طرف سے افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ پاکستانی حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور متاثرہ خاندانوں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔