عمران خان زبردستی اپنا بیانیہ عوام پرمسلط کرنا چاہتے ہیں،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان زبردستی اپنا بیانیہ عوام پرمسلط کرنا چاہتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی ذوالفقار راحت کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی اور یوتھ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن کے صدارتی خطاب میں کہا کہ انسانی معاشرے اندرونی اور بیرونی عذابوں کی وجہ سے انارکی، سیاسی خلا کا شکار ہوتے ہیں۔ نااہل، بدکردار، عیاش حکمران ریاست اور عوام پر مسلط ہونے کے بعد معاشرے کے چھٹے ہوئے بے کار، ناکارہ، بدمعاش لوگوں کو سماج پر مسلط کردیتے ہیں۔ آئین، جمہوریت، انسانی بنیادی حقوق، قانون و انصاف کی بالادستی تقاریر اور بیانیوں میں ہی ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی نظریاتی ملک ہے، اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آزادی حاصل کی گئی لیکن عملًا ملک پر نااہل، نالائق، چرب زبان، فساد پسند حاکموں کا راج چل رہا ہے، جو کمالِ مہارت سے اپنے پیروکاروں میں بے جانے بوجھے ہرزہ سرائی کا زہر بھردیتے ہیں اور انسان شدت، انتہا پسندی، تعصبات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پاکستانی سیاست اور سماج کی ضرورت ہے کہ نوجوان بیدار ہوں، منظم ہوں اور آزادی، آئین و قانون اور قرآن و سنت کی بالادستی کے پیکر بنیں۔

لیاقت بلوچ نے عوامی وفود سے ملاقات میں کہا کہ اتحادی حکومت کو عدمِ اعتماد اور حکومت حاصل کرنے کا بڑا شوق تھا۔ عمران خان کی نااہلی اور ناکامی نے اِن کی خواہشات کو پورا کردیا۔ حکومت کی سرپرستی میں عوام پر مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، پیداواری لاگت اور یوٹیلٹی بلز میں ہوشربا اضافہ، ڈالر کی قدر میں چڑھائو اور بے قابو بدترین لوڈشیڈنگ نے غریب اور سفید پوش طبقہ کو تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اپنے 4 سالہ دورِ اقتدار کے دعوے، اعلانات حقائق کے خلاف ہیں۔ انہوں نے ریاستِ مدینہ نظام سے منہ موڑکر اپنی منزل کھوٹی کرلی، اب وہ ماضی کا بیانیہ ناکام ہونے کے بعد زبردستی اپنا بیانیہ عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ بدترین معاہدے کیے جس کی وجہ سے قرضوں، سود، کرپشن، رشوت میں مسلسل اضافہ ہوا۔ ان کے عوام سے 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے محض دعوے اور خواب ہی رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمہ، کرپٹ مافیا کو سزا دینے کی بجائے عمران خان نے انہیں تحفظ دیا، سیاست اور معاشرت میں بدتہذیبی، بداخلاقی، غرور، تکبر، انتقام بھردیا ہے۔ حقائق تو یہ ہیں کہ عوام دربدر ہیں اورسٹیٹس کو، اسٹیبلشمنٹ، بیرونی مداخلت زیادہ طاقت ور ہوگئی ۔ حکمرانوں کی ناکامیاں بحران در بحران پیدا کررہی ہیں۔ جماعتِ اسلامی اللہ کی تائید کیساتھ عوام کی طاقت سے بحران ختم کرے گی۔