کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کراچی کی ناظمہ اسماء سفیرکی زیر صدارت ادارہ نورحق میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں معتمدہ کراچی فرح عمران، نائب ناظمات کراچی شیبا طاہر،شمینہ عتیق،ثناء علیم، جاویداں فہیم،سمیہ عاصم،سکریٹری اطلاعات ثمرین احمد ودیگر بھی موجود تھیں۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، تمام اضلاع میں خواتین ورکرز کنونشن اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔اسماء سفیر نے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کارکنان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم تیز کردیں، اپنے اپنے اضلاع میں بلاک کوڈ اور ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر رابطے کرکے عوام کو بتائیں کہ اس وقت شہر کی تعمیر وترقی کے لیے جماعت اسلامی بہترین آ پشن ہے انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام اضلاع میں خواتین ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں باکردار اور دیانت دار لوگوں کوکھڑا کیا ہے ،کراچی کے عوام کے پاس جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے ، موجودہ اور ماضی کی حکمران جماعتوں نے کراچی کے حالات بدسے بدتر بنادیے ہیں، کراچی کے عوام تعلیم، صحت،پانی، بجلی،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، سرکاری ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہماری مائیں بہنیں بسوں اور چنگ چی رکشوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں، اوور لوڈ بسوں کی وجہ سے اسکول اور کالجوں کی طالبات آ ئے دن حادثات کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ آج کراچی کے شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں،ٹینکروں سے تو پانی ملتا ہے لیکن نلکوں میں پانی نہیں آتا،پیپلزپارٹی 14سال سے اقتدار پر قابض ہے لیکن گزشتہ 17سال سے پانی کی ایک بوند میں اضافہ نہیں کیا، جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے پانی کا آخری کے تھری منصوبہ مکمل کر کے،کے فور منصوبہ پیش کیا تھا اگر آج کے فور منصوبہ مکمل کرلیا جاتا تو کراچی کے عوام پانی کی قلت کا شکار نہ ہوتے۔کراچی کے عوام بلدیاتی انتخابات میں تمام حکمران جماعتوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائیں، ہم ہی کراچی کو ایک بار پھر سے ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔#