کئی ممالک افغانستان کی اسلامی حکومت کو تسلیم کرنا چا ہتے ہیں، سب پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ افغانستان کو امریکی تسلط سے آزاد ہوئے ایک سال بیت چکا۔ کئی ممالک افغانستان کی اسلامی حکومت کو تسلیم کرنا چا ہتے ہیں، لیکن وہ سب پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔روس، چین اور دیگر ممالک افغانستان کی اسلامی حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شعبہ دعوت و تربیت کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان کا حال یہ ہے کہ پہلے پی ٹی آئی کی حکومت رہی، جو آج امریکا کے خلاف باتیں کر رہے ہیں اصلا اس نے امریکی خواہش اور دبا پرافغانستان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ آج پی ڈی ایم اورپی پی پی کی حکومت بھی امریکا کی خوشنودی کے لیے افغانستان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ تینوں بڑی سیاسی حکومتوں میں کوئی بنیادی فرق اور اختلاف نہیں ہے،

ان سب کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں۔ حکمران اشرافیہ آئی ایم ایف، سود، شراب کی حرمت، جمعہ کی چھٹی اور آرمی چیف کی ایکسٹنشن کے معاملے پر ایک ہیں۔ بنیادی ایشوز چاہے وہ ملکی ہوں یا عالمی ان میں کوئی اختلاف نہیں۔تمام حکمران جماعتیں ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں۔