ترازو کے نشان پر قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران فائنل کردئیے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ترازو کے نشان پر قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران فائنل ہوچکے،اب جنگی بنیادوں پربلدیاتی وعام انتخابات کی تیاری کی ضرورت ہے ،ذمہ داران تمام سیاسی وتنظیمی ،سماجی سرگرمیو ں کوووٹ میں کنورٹ کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی بنائیں ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے،آئی ایم ایف کی غلامی ،مہنگائی اورسودی نظام کے خلاف ٹرین مارچ کریں گے جو 27جون کوراولپنڈی پہنچے گا ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے ضلع راولپنڈی دورے کے دوران پی پی 16اور پی پی17میں منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دورے میں صوبائی ذمہ داران نے ضلع بھرکے صوبائی حلقوں کا دورہ کیا ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان نے پی پی 18،پی پی19اورپی پی 20،نائب امیرصوبہ ڈاکٹر مبشر احمدصدیقی پی پی 10،پی پی11،پی پی12،نائب امیرصوبہ محمدضیغم مغیرہ او رصوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا پی پی8اور پی پی9،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابراور صوبائی نائب صدرجے آئی یوتھ میاں عبدالرؤف نے پی پی 13 ،پی پی14،پی پی 15 کا دورہ کیا اور بلدیاتی وعام انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لے کرآئندہ کے لیے اہداف دئیے ۔

اس موقع پر صوبائی ذمہ داران نے قومی وصوبائی امیدواروں کی نامزدگی کاباضابطہ اعلان بھی کیا۔امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی ،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش ،صدرجے آئی لیبرNLFپاکستان شمس الرحمن سواتی،نائب امرائے ضلع سمیت دیگرذمہ داران اور قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران بھی اجلاسوں میں شریک ہوئے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ موجودہ اورسابقہ حکمران جماعتوں کی بدترین کارکردگی کے باعث سیاسی خلا ہے عوام جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کی جانب متوجہ ہیں ، ذمہ داران وکارکنان ہرسطح پر ترازوکوامیدکانشان بنادیں۔