کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر ملک میں آج ظلم کا نظام قائم ہے۔ حکمرانوں کی غلامانہ و مفاد پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے 75 سال سے ملک سیاسی، معاشی و اخلاقی بحرانوں کی زد میں ہے۔پی ٹی آئی حکومت کی طرح شہباز شریف کے ساتھ بھی یہی لائو ولشکر اور تمام پارٹیاں شامل ہیں مگر دونوں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ مہنگائی کے خاتمے سمیت بنیادی مسائل حل ہونے کی بجائے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے کیونکہ ان کے پاس کوئی ویژن ہے اور نہ ہی صلاحیت، ملک کو آئی ایم ایف و سودی کی بے ساکھیوں سے چلایا جا رہا ہے، ثابت ہوگیا کہ چہروں نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ہی ملک ترقی اور عوام مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان پر کھڑے امیدواروں کو کامیاب کرکے سندھ میں حقیقی تبدیلی کا آغاز کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنڈیارو اور نوشہروفیروز میں بلدیاتی ورکرز کنونشن اور ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار شریک تھے۔ اس موقع پر سابق چیئرمین بلدیہ سردار اکبر اجن، امیر ضلع شبیر خانزادہ ایڈووکیٹ، مولاہاشم لاشاری،نثار احمد آگرو اور ضمیر عباسی نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایٹمی طاقت اور زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالامال پاکستان کو حکمرانوں نے ایک بھکاری ملک بنادیا ہے۔ عملی طور ملک آئی ایم ایف کے حوالے ہے بھکاریوں کی دنیاں میں کہیں بھی عزت نہیں ہوتی۔ پی ٹی آئی نے تین سالوں میں پٹرول 56 روپے جبکہ شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم کی 13 جماعتی اتحادی حکومت نے 20 دنوں میں 85 روپے فی لیٹر پٹرول مہنگا کردیا جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آٹا گھی چینی سمیت روز مرہ کی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں اور ذمے داران پر زور دیاکہ کہ وہ رابطہ عوام مہم کے ذریعے گھر گھر جماعت کا پیغام پہنچائیں اور ترازو کی کامیابی کے لیے دن رات ایک کردیں۔