الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے بورڈ کا اجلاس، الخدمت قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ 2022کی منصوبہ بندی پیش کی گئی


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے بورڈ کا اجلاس الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں الخدمت قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ 2022کی منصوبہ بندی پیش کی گئی۔

عامر محمود چیمہ نے اس حوالے سے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ اس سال پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان اور کراچی میں ملک گیرقربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا جائے گا۔قربانی کی بکنگ،خریداری، زبیحہ کی تاریخ و مقام اور ڈونر رپورٹنگ کا تمام ریکارڈ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے مرتب کیا جائے گا۔اندرون و بیرون  ملک سے آن لائن قربانی بکنگ کے لئے بھرپورپرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔اپنی قربانی بک کروانے کے لئے فون نمبرز، لنکس اور اکاؤنٹ نمبرز بھی الخدمت کے آفیشل اکاؤنٹس پر جاری کردیئے گئے ہیں۔

سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص نے اس موقع پر کہا کہ یہ دنیا بھر میں رہنے والے مخیر حضرات کا الخدمت پر اعتماد اور ہمارے رضاکاروں کی شب و روز کاوشیں ہی ہیں کہ وہ افراد جن کو دو وقت کی روٹی بھی بمشکل میسرآتی ہے انھیں بھی قربانی کا گوشت نصیب ہوجاتا ہے۔

اجلاس میں جنرل مینجرپرگرامز حماد بٹ،سینئرپروگرام مینجرفرحان خالداوردیگرذمہ داران بھی موجودتھے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال الخدمت قربانی پراجیکٹ کے تحت 3951بڑے اور1855چھوٹے جانورقربان کئے گئے تھے جس سے 2لاکھ 12 ہزارسے زائد مستحق خاندان مستفید ہوئے۔