خاتون جاں بحق، بچی کے زخمی ہونے کے معاملے پرلیسکو کو ایک کروڑ روپے جرمانہ


اسلام آباد(صباح نیوز)نیپرا نے لاہور کے علاقہ اچھرہ میں ٹرانسفامر گرنے کے نتیجہ میں ایک خاتون کے جاں بحق اور ایک کمسن بچی کے زخمی ہونے کے معاملہ پرلیسکو کو ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

نیپرا نے لیسکو کو سوگوار خاندان کو35لاکھ روپے معاوضہ ادار کرنے اور سوگوار خاندان کے کسی ایک فرد کو ملازمت دینے کا بھی حکم دیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کے لئے دورکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

نیپراکے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلمبند کئے اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کئے۔ لیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ۔ نیپرا کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ کی روشنی میں اتھارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نیپرانے رپورٹ کی روشنی میں لیسکو کو سوگوار خاندان کو35لاکھ روپے جرمانہ اداکرنے اور سوگوار خاندان کے کسی ایک فرد کو ملازمت دینے کا حکم دیا ہے۔

نیپرا نے معاوضے اور ملازمت کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔