الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اوکاڑہ کے 60 مستحق معذورافراد میں ویل چیئرزتقسیم


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ سماجی خدمات کے تحت اوکاڑہ کے مستحق اورضرورت مندافراد میں 60 ویل چیئرزتقسیم کی گئیں۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ ویل چیئر کی فراہمی سے معذورافرادکی نقل وحمل میں آسانی پیداہوتی ہے جس سے وہ معاشرے میں موثرکردارادا کرسکتے ہیں۔اس طرح معذورافرادمیں کچھ کرنے کاجذبہ بھی پیداہوتا ہے اوراحساس محرومی کم ہوتاہے۔

انھوں نے بتایاکہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت بدقسمتی سے پاکستان میں 32 لاکھ سے زائدافرادمعذورہیں جن میں سے اکثریت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتی ہے اوربنیادی علاج معالجے اور ویل چیئرز جیسی سہولیات سے محروم ہے۔ایسے افراد کی مشکل کو کم کرنے کے لئے الخدمت ہرسال سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہزاروں ویل چیئرزتقسیم کرتی ہے۔ اب تک 25 ہزار سے زائدمستحقین میں مفت ویل چیئرزتقسیم کی جاچکی ہیں۔

تقریب میں الخدمت ذمہ داران، رضاکاروں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شرکا تقریب نے الخدمت فاؤنڈیشن کی معاشرے کے مستحقین کے لئے جاری کاوشوں کو سراہا۔