پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات،پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں طلب


اسلام آباد(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں،ضمنی انتخاب کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں طلب ،سرکاری ملازمین، پاک افواج کے افسران، جوان،خصوصی افراد اور قیدی یکم جولائی تک درخواستیں متعلقہ ریٹرننگ افسر ان کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں طلب کر لیں ہیں، پولنگ اسٹیشنز کے بجائے پوسٹل بیلٹ کے زریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والوں سے یہ درخواستیں طلب کی گئی ہیں،ان بیس حلقوں کے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لئے درخواستیں یکم جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، پوسٹل بیلٹ پیپر کے لیے درخواستیں متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرائی جا سکیں گی،پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری ہونے کی صورت میں ووٹر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ پول نہیں کر سکے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں کے سرکاری ملازمین، پاک افواج کے افسران اور جوان پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں، ان 20 حلقوں  سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد اور  جیلوں میں قید  قیدی بھی پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حصول کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بیس منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے پر الیکشن کمیشن نے سترہ جولائی کو ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔