ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ملتان میں امیدوار پنجاب اسمبلی محمد سلمان کو الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری


لاہور، ملتان(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابی  ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حلقہ پی پی-217 ملتان  کے انتخابی امیدوار محمد سلمان کو نوٹس جاری  کر دیا ہے۔ امیدوار کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے 12 جون کو پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرملتان، حیدر ریاض نے حلقہ PP-217ملتان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کاروائی کی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی قسم کے ترقیاتی کاموں کے اعلان پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ حلقہ PP-217 ملتان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کاروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی طرف سے انتخابی امیدوار محمد سلمان کو نوٹس جاری کیا گیا۔ نوٹس کے مطابق انتخابی امیدوار محمد سلمان ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کر رہے تھے جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، لہذہ مذکورہ امیدوار کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے 12 جون کو پیش ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔مذکورہ امیدوار نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہو کر تحریری جواب داخل کروایا جس میں آگاہ کیا گیا کہ امیدوار نے پہلے سے جاری ترقیاتی کاموں کا انتخابی مہم میں ذکر کیا تھا، مزید برآں امیدوار نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ضابطہ اخلاق پر پوری طرح عملدرآمد کریں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں گے۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، شکیل احمد کی طرف سے ڈپٹی کمشنرملتان کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ضلع ملتان کے مذکورہ حلقہ میں ضمنی انتخاب کے انعقاد تک الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق ترقیاتی اسکیموں کے اعلان اور افسران کی تقرریوں و تبادلوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے مزید ہدایات دیں کہ الیکشن کمیشن کے ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ اداروں اور ڈپارٹمنٹس کو آگاہ کر دیا جائے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، حیدر ریاض کی طرف سے بھی ڈپٹی کمشنر ملتان کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کاروائی کی جائیگی۔