لاہور،10کروڑ تاوان کیلئے پانچ سالہ عریض کا اغوا کرنے والا ملزم ہلاک، بچہ بازیاب


لاہور(صباح نیوز)لاہور کے علاقہ باٹا پور میں 10 کروڑ تاوان کیلئے بچے کو اغوا کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا،جبکہ بچے کو بازیاب کرالیا گیا ۔

پولیس کے مطابق باٹا پور کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک ہوا۔ ڈی ایس پی علی بٹ کے مطابق پولیس پارٹی ملزم کو گرفتار کرنے بھسین گائوں پہنچی تھی۔ ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

ڈی ایس پی کے مطابق ملزم کی ساتھی مغوی بچے کی سوتیلی نانی مہوش کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے چند روڈ قبل پانچ سالہ بچے عریض کو تاوان کے لئے اغوا کیا تھا۔

ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بچے کو تھانہ سندر کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے 13مئی کی شام بچے کو تھانہ سندر حدود میں نجی سوسائٹی کے پارک سے اغوا کیا تھا۔

بچے کے اغوا کا مقدمہ 939/22 مورخہ13 مئی کو تھانہ سندر میں اس کے والد احمد یار کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔ بچے عریض کی سوتیلی نانی مہوش نے دوست شہباز کے ساتھ مل کر تمام واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔

مہوش اور شہباز کے منصوبے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سجاد، اکرم اور اویس نے کلیدی کردار ادا کیا تھا، جو پولیس کی حراست میں ہیں۔ یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ مغوی بچے کے نانا نے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور 25 سالہ مہوش ان کی دوسری بیوی ہے۔ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے دوبئی کے نمبرز سے کانفرنس کال کے ذریعے مدعی سے رابطہ کرتے تھے۔