ملک کا مستقبل شفاف جمہوریت سے جڑا، قانون سازی میں ذاتی مقاصد نہیں،عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل شفاف جمہوریت سے جڑا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اس قانون سازی میں میرے کوئی ذاتی مقاصد نہیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم قانون سازی پر بات چیت جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے بلز کے حوالے سے ارکان کو اعتماد میں لیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے میں آپ کا کردار ہوگا، سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیئے، ارکان پارلیمنٹ کے مسائل سے آگاہ ہوں، انشا اللہ جلد سب کی شکایتیں دور ہونگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات پر اعتراض کئے گئے، چاہتے ہیں ایسا نظام بنائیں کہ تمام جماعتوں کے امیدوار نتائج کو تسلیم کریں، انتخابی اصلاحات ذات یا پارٹی کے لئے نہیں ملک اور جمہوریت کے لئے ہے، ای وی ایم اور اورسیز ووٹرز کو حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی ۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، میدان میں اترنے والا مخالف سے بہتر پرفارمنس کا سوچتا ہے۔