وزیراعظم کا خیبرپختونخوا پولیس کے سب انسپکٹر سحر گل کی شہادت پر اظہار افسوس، شہداء پیکج دینے کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوا پولیس کے سب انسپکٹر سحر گل کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پولیس اہلکاروں پر بڑھتے ہوئے حملے تشویشناک ہیں،

وزیراعلی خیبرپختونخوا صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر توجہ دیں۔وزیر اعظم نے سینئر صحافی طلعت اسلم کی وفات پر بھی گہرے رنج کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے شہید پولیس اہل کار کے اہل خانہ اور بچوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورکہا کہ اپنے بچوں کو سکول سے لینے جانے والے والد کی شہادت پر بے حد دکھ ہے،شہید پولیس سب انسپکٹر کو شہدا پیکج دیا جائے، بچوں کی تعلیم اور اہل خانہ کی کفالت یقینی بنائی جائے،

وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور مشیر انجینئر امیر مقام کو شہید پولیس اہلکار کے لئے مالی معاونت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور شہید پولیس اہلکار کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی طلعت اسلم کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور مرحوم طلعت اسلم کی آزادی صحافت،اقلیتوں اور حقوق نسواں کی عوامی آگاہی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،وزیر اعظم نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔