وزیراعظم بلوچستان کے سلگتے مسائل کے حل کیلئے عملی اقداما ت اُٹھائیں،مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ وزیراعظم بلوچستان کے سلگتے مسائل کے حل کیلئے عملی اقداما ت اُٹھائیں بلوچستان میں آج بھی اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ،بعض علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ۔گیس وبجلی کی سہولیات سے آدھ بلوچستان اب بھی محروم ہیں نوجوانوں کوروزگار ،علاج اورتعلیم کے مواقع میسر نہیں ۔بلوچستان کے عوام کو حقو ق کے حصول کیلئے نکلنا ہوگا تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل اور انسانی ،آئینی حقوق مل سکیں ۔بلوچستان کے عوام کے مطالبات جائز اور بنیادی سہولیات سے تعلق رکھتے ہیں انھیں پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

اپنے جاری بیان میں  انہوں نے کہاکہ نئی حکومت بھی آئی ایم ایف کے سامنے گونگی، عوام کی چیخوں و پکار پر بہری اور ملکی مسائل پر اندھی ہو چکی ہے۔ایک آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنراسٹیٹ بنک کی جگہ دوسرے آئی ایم ایف کے ملازم کو اسٹیٹ بنک حوالے کیا گیا ۔ بلوچستان کے عوام نعروں، وعدوں اور اعلانات کی بجائے عملی اقدامات چاہتی ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں اور نااہلی سے ملک میں مڈل کلاس ختم ہورہی ہے، غریب اور امیر کا فاصلہ بڑھ رہا ہے، جو کسی بھی معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ جماعت اسلامی صرف دعوے نہیںکرتی بلکہ ان تمام مسائل کا مؤثر حل رکھتی ہے۔ اس وقت ملک کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے بہترین اور آخری آپشن جماعت اسلامی ہے۔ بھاری سودی قرضے بہت بڑھ گئی حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کاغلام بنادیا ۔آئی ایم ایف کی ہدایات پر قیمتوں کا تعین کیا جاتاہے ۔ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر اورروپے کی قدر میں کمی حکومتی معاشی پالیسیوں پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت نے قرضوں کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کے ظالمانہ شرائط کا بھاری بوجھ عوام پرلاد دیا ہے، جس کو اٹھانے کی سکت اب اس قوم میں نہیں ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہو چکی ہیں۔ آج کل آبادی کا 45فیصد خطہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ ایک عام آدمی کی آمدن کا 70 سے 80فیصد حصہ اشیائے ضروریہ پوری کرنے پر صرف ہو جاتا ہے جب کہ بچوں کی تعلیم اور صحت کے لیے لوگ گھروں کی چیزیں بیچنے پر مجبور ہیں۔ جماعت اسلامی پہلے بھی مطالبہ کرتی رہی ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس وقت ملک کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے بہترین اور آخری آپشن جماعت اسلامی ہے جو کہ تمام مسائل کا ادراک رکھنے کے ساتھ موثر حل اور پلان بھی رکھتی ہے۔ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرے گی