ملک پر مسلط اشرافیہ نے پاکستان کوبدترین تباہی کے دھانے پہ لاکھڑا کیا ہے۔امیر العظیم


 میرپورخاص (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط اشرافیہ نے پاکستان کوبدترین تباہی کے دھانے پہ لاکھڑا کیا ہے۔حکمران جگ ہنسائی اور پوری دنیا میں پاکستان کی بے توقیری کا سبب بنے ہیں۔پاکستان کا مستقبل کلمہ طیبہ سے وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی اپنی دیانت دار اور باصلاحیت تنظیم کے ذریعے ایک سال میں حالات بہتری کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ سودی نظام کے خاتمے اور غیر ملکی پر تعیش اشیا کی آمد پر پابندی سے معیشت ٹھیک ہوسکتی ہے، اسٹبلشمنٹ کی چھتری اور سہولت کاری سے بننے والی حکومتوں کا انجام اسی طرح ہوتا ہے جس طرح پی ٹی آئی حکومت کا ہوا۔ساڑھے تین سالہ اقتدار کے دوران پی ڈی ایم والی اپوزیشن تمام بجٹ سے لے کر ایف اے ٹی ایف بل،اسٹیٹ بینک، آئی ایم ایف کو گروی رکھنے سمیت تمام قوانین کی منظوری میں پی ٹی آئی حکومت کی معاون و مددگار بنی رہی۔ایک طرف مکروفریب والے ہیں تو دوسری طرف جھوٹے ہیں۔ امریکہ ہمیشہ پاکستان میں ہر طرح کی مداخلت کرتا رہا ہے۔ کئی سابق وزرائے اعظم سمیت سب نے توشہ خانہ کا مال کھایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت لال چند باغ گراؤنڈ میں منعقدہ عید ملن کی بڑی تقریب سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔تقریب عیدملن سے ڈپٹی جنرل سیکریٹریز جماعت اسلامی سندھ مولانا عبدالقدوس احمدانی،محمد افضال آرائیں، مقامی امیر محمد رفیق چوھان اور قیم ظفراقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ عید ملن میں معززین شہر، سماجی شخصیات تاجربرادری،صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امیرالعظیم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اخلاقی برتری کے بغیر قوم دلدل سے نہیں نکل سکتی۔حکمرانوں نے جھوٹے نعروں اور بیانیوں کے ذریعے پوری قوم کو بیوقوف بنایا ہے۔ انڈیا سے ساز باز اور تجارت کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔جج میں تقوی نہیں ہوگا تو انصاف نہیں ہوگا۔