چہرے نہیں نظام کی تبدیلی سے ہی ملک اور عوام کے مسائل حل ہونگے ،محمد حسین محنتی


نواب شاہ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنے نام اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، عوام موجودہ اور سابقہ حکمران جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے،لوگ حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔سندھ اور وفاق میں بار بار چہرے تبدیل کرنے والے خفیہ ہاتھوں کو اب ملک کی ترقی اور عوام کی بھوک، بدحالی،مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات کیلئے ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے دیانتدار لوگوں کیلئے روڑے اٹکانے کا سلسلہ بند کرنا چاہئے، چہرے نہیں نظام کی تبدیلی سے ہی ملک اور عوام کے مسائل حل ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں نواب شاہ میں ضلعی شوری اور زمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور صوبائی سیاسی کمیٹی کے سربراہ ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ، ضلعی امیر سرور احمد قریشی سمیت دیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ عوام تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس ہیں بلدیاتی انفرااسٹرکچر تباہی کا شکار ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں صفائی کا نظام نہیں ہے سندھ کے بلدیاتی اداروں کو اربوں روپے کے فنڈز دینے گئے جو کہ کرپشن کی نظر ہو گئے لوگ تبدیلی کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں آپ مناسبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں مخالفین کے پاس ہمارے مقابلے میں لامحدود وسائل ہیں ہمیں اپنی دعوت گھر گھر پہنچانی ہے۔گذشتہ پندرہ سالوں سے سندھ پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو لوٹ مار،قبائلی تصادم، پولیس گردی،ڈاکو راج اور کرپشن کے تحفے دیئے ہیں، سندھ میں دیہات اور شہروں میں عوام کیلئے روزگار،صاف پانی،صحت اور تعلیم سمیت ضروری انسانی سہولیات ناپید جبکہ حکمرانوں کی دولت میں دن رات اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے سندھ کے عوام شدید اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں، کسان کھاد،زرعی ادویات، بجلی کے مہنگے داموں کی وجہ سے پریشان تھے اب نہری پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر موجود فصلیں تباہ اور پورا سندھ تھر کا منظر پیش کررہا ہے لیکن حکمرانوں کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ سندھ کے لوگوں کو چاہئے کہ اب وڈیراراج کے سرغنہ حکمرانوں کی بجائے شفاف کردار کے مالک دیانتدار قیادت کو بلدیاتی اور عام الیکشن میں منتخب کرکے اپنی اور اپنے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کریں ۔

اجلاس سے صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے ضلع کی اور فیصل ہمایوں نے نوابشاہ، کنور راشد مکرم نے سکرنڈ، محمد زمان جونو اور طارق جاوید آرائیں نے باندھی کی سیاسی و انتخابی صورتحال پیش کی۔