کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس اور اصلاح کردار کی تربیت کا مہینہ ہےـ تقوی اور ایمان کے ساتھ رمضان المبارک میں بھلائیاں اور برکتیں سمیٹنے والے یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں۔اللہ تعالی ہم سب کی عبادتیں اور ریاضتیں قبول فرمائے اورہمیں اسی اجرعظیم کا حق دار ٹھہرائے جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا ہے۔ماہ صیام میں روزوں کے ذریعے حصول تقوی کی جو تربیت ہم نے حاصل کی اللہ تعالی اس کو ہماری زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنادے۔
ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے عید الفطر کی آمد پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مومن کے لئے عید الفطر بہت سی سعادتوں کے حصول پر خوشی کا دن ہے جس میں رمضان المبارک کے روزے،قیام الیل، نزول قرآن اور لیلة القدر کے ساتھ سب سے بڑھ کر اللہ تعالی کی طرف سے رحمت و بخشش اور جہنم سے آزادی کا وعدہ شامل ہے۔
دردانہ صدیقی نے کہا کہ رمضان المبارک میں برداشت کی جانے والی بھوک پیاس غریبوں اور دردمندوں کی مشکلات اور لاچاری کا احساس دلاتی ہے لہذا اس ماہ میں انفاق فی سبیل اللہ کا جذبہ بھی بڑھ جاتا ہے۔عید کی ان سعادت بھری گھڑیوں میں فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا کے دیگر مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور اپنے آس پاس موجود سفید پوش نادار اور دکھی انسانوں کی بھر پور مدد کر کے ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔