جماعت اسلامی ضلع وسطی کی ”تقریب عید تحفہ ” 6000بچوں میں کپڑے تقسیم کیے گئے


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت بارہ دری پارک نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ضرورت مند بچے و بچیوں میں عید کے کپڑوں کی تقسیم کی ایک پر وقار ”تقریب تحفہ عید ” منعقد کی گئی ۔ جس میں 6000سے زائد بچوں میں عید الفطر کے کپڑے تقسیم کیے گئے ۔ تقریب میں بچو ں کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور جماعت اسلامی سے اظہار تشکر کیا ۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بحیثیت  مہمان خصوصی ‘ ضلع وسطی امیر ضلع وجیہ حسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔  تقریب میں بچوں کے لیے تفریح کا سامان ، جھولے ، کوئز ، انعامات اور دلچسپی کی دیگر چیزوں کا اہتمام اور بچوں کو یہ موقع فراہم کیا گیا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی پسند کے کپڑے ، جوتے ، اور چوڑیاں وغیرہ حاصل کر سکیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ، اہل کراچی سے ووٹ لینے والوں نے اقتدار اور وزارتیں تو حاصل کیں لیکن عوام کو بری طرح مایوس کیا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل اُجاگر کرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے  جدو جہد کر رہی ہے صرف جماعت اسلامی کے کارکنان ہی عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے درمیان رہتے ہوئے ان مسائل کو بہتر طریقہ سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے جب پولنگ بوتھ جائیں تو جذباتی نعروں ، عوام کو دھوکہ دینے والے سیاسی شعبدہ بازوں کے ہتھکنڈوں کا شکار ہونے  کے بجائے اپنی حقیقی ہمدرد جماعت کو یاد  رکھیں ۔

جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی ۔ ماضی میں جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا عوام کی بے مثال خدمت کی ہے ۔ عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں اہل کراچی کے لیے جو تعمیر و ترقی کے کام کیے گئے وہ کسی اور دور حکومت میں نہیں کیے گئے ۔وجیہ حسن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے جو کسی بھی طبقہ سے تعلق رکھتے ہوں ان کو عید کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیئے ۔ اس لیے ہم نے ان بچوں کے لیے عید کے کپڑوں کا بندو بست کیا ہے ۔ جن کے والدین یہ بوجھ اُٹھانے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔