کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی بیان میں کہا ہے کہ عید سعید رب کریم کی طرف سے اپنے ان بندوں کیلئے انعام ہے جو رمضان کا مہینہ اس کی مکمل بندگی میں گزارتے ہیں اور ایمان و احتساب کے ساتھ سارے روزے رکھتے ہیں۔ حکمرانوں کی اسلام دشمن پالیسیز اور عوام دشمن اقدامات نے عید کی روح کو مسخ کردیا ہے۔حقیقی خوشیاں تب ہی میسر آئیں گی جب وطن عزیز حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت کا روپ دھار لے گا۔ اپنی خوشیوں میں آس پاس بسنے والے نادار افراد اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔
علاوہ ازیں ناظمہ کراچی نے وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سود کے خاتمے کے فیصلے کو تاریخی قراردیا اور کہاکہ اس فیصلے کی برکات سے قوم وملک مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیکیوں کا موسم بہار ہم سے رخصت ہوچلا، اللہ رب العزت اسے ہماری مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنائے، کامیاب وہی ہیں جو اس مہینے کی تربیت کے مطابق باقی سال بھی اللہ کی بندگی میں اپنے آپ کو کھپائیں، اس کے دین کی سربلندی کی جدوجہد میں عملی طور پر شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور کرپشن نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، غربت بیروزگاری اور مہنگائی نے ایک عام آدمی کیلئے عزت کے ساتھ دو وقت کی روزی روٹی کا حصول بھی دشوار کردیا ہے’وزیر و مشیر اور ان کے خاندان قومی دولت کو اللے تللوں میں لٹا رہے ہیں مگر غریب کے بچے کا کوئی پرسان حال نہیں’ان کے پاس پانی، بجلی سمیت بنیادی ضروریات کے اسباب بھی دستیاب نہیں، حکومت نے عوام کو عید کی حقیقی خوشیوں سے محروم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے آس پاس بسنے والے یتیموں، بیواوں، مساکین اور نادار افراد و خاندانوں کو بھی ہمیں اپنی عید کی خوشیوں میں ضرور شامل کرنا چاہیئے کیونکہ یہی ہمارے پیارے نبی ۖ کی تعلیمات ہیں۔