راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت جدید،ترقی یافتہ یکساں نظام تعلیم کو رائج کرے ،تعلیمی اداروں میں کرپشن کو ختم کرتے ہوئے تعلیم کے بجٹ کو 4فیصد کیا جائے ،طلبہ یونین کی بحالی کا وعدہ پورا کرے ،فیسوں میں اضافے کو واپس لیا جائے ،جامعات میں میرٹ کے نظام کو بحا ل کیا جائے ،اسلامی جمعیت طلبہ نوجوان کا ہر اول دستہ ،تعلیمی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ،اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان ملک کی نظریاتی،جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں پاکستان کی سالمیت کے لیے اپنا خون پیش کیا ،اسلامی جمعیت طلبہ سیرت وکردار کی تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کررہی ہے ،
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام حقوق طلبہ روڈ کاروان میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،
اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حمزہ صدیقی،ناظم کشمیر مہران معروف سمیت طلبہ راہنمائوں نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جب تک تعلیم کے مواقع ہر طالب علم کو باآسانی دستیاب نہیں ہوں گے اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکے گا ،جو اقوام آج ترقی یافتہ ممالک میں شمار کی جاتیں ہیں انہیں تعلیم کو ترجیح اول بنایا اور نوجوانوں کو دور حاظر کے چیلنجز سے نمبر دآزماہونے کے لیے تمام تر وسائل کو برئوے کار لایا۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ایشو کو ہائی لائٹ کر کے طلبہ کے مسائل کو حل کیا ہے تعلیم پر عائد ظالمانہ ٹیکس کو ختم ہونا چاہیے غریب طلبہ پر تعلیم کے دروازے بند نہ کیے جائیں انہیں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں ،ڈاکٹر خالد محمود خان کا کہنا تھا کہ حکومت این ایل ای کو ختم کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو بحال کرے ۔