حکومت نے دوہفتوں کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 2بار اضافہ کرکے مہنگائی کے مارے ہوئے عوام پر بجلی گرادی ہے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی نے کراچی تاء کشمور سندھ بھر میں شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کوحکومتی دعووں کی نفی اور عوام کے زخموں پرنمک پاشی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بند بجلی گھرچالو،لائن لاسزوبجلی چوری کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے ایک بیان میں کہاکہ ہرسال کی طرح امسال بھی موسم گرمامیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر نازل ہوچکا ہے۔حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ پرقابو پانے کے دعوے تواترکے ساتھ کئے جاتے ہیں۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام کو پہلے سے زیادہ بدترحالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔گوکہ وزیراعظم میان شہباز شریف نے یکم مئی سی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمہ کی ہدایت کی ہے مگرعملی طوریہ زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔موسم گرمامیں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے’ گھروں اور مساجد میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ‘ کراچی میں10سے12گھنٹے جبکہ اندرون سندھ 18گھنٹوں تک کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو سحر و افطار میں مشکلات کا سامنا ہے اور ‘ کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے، جبکہ تیرہ جماعتی اتحادی حکومت نے دوہفتوں کے دوران بجلی کی قیمتوں میں دوبار اضافہ کرکے مہنگائی کے مارے ہوئے عوام پر بجلی گرادی ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ مقدس ماہ میں بھی سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہے،ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے باوجود بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو سحری اور افطاری سمیت روز مزہ کے کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، حتیٰ کہ تراویح کے دوران بھی عوام کو بجلی سے محروم کردیا جاتا ہے۔ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔کراچی کے شہری ماہ رمضان میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں، کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے ، کے الیکٹرک نے سحری کے وقت صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے پیغامات ایس ایس ایم کردیتی ہے۔ شہر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری ہونے کے باوجود بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کے ہوش اڑادیئے ہیں جبکہ آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے بجلی عوام کے دسترس سے باہر ہوگئی ہے۔ عوام سے روٹی اور دوسری ضروریات زندگی چھیننے کے بعد عوام سے وہ روشنیاں بھی چھین لی گئیں ہیں، ظالم حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام دشمن فیصلے کررہے ہیں بجلی کی قیمتوں کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی نوید پی ڈی ایم حکمران اتحاد کا عوام کیلئے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔