قیام پاکستان کی بے قدری اور اللہ سے کئے گئے عہد سے بے وفائی کی وجہ سے آج ملک وقوم بے شمار مسائل کا شکار ہے محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ اور 27رمضان المبارک کو پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں، آج کے دن اہل پاکستان کو ایک بار پھر تجدید عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ آخری دم تک وطن عزیز کو حقیقی معنی میں اسلامی ریاست بنانے تک جدوجہد کرتے رہیں گے،

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ تحریک پاکستان میں بزرگوں ونوجوانوں کی جدوجہد وقربانی اور اللہ کے خاص فضل سے لیلتہ القدر میں پاکستان معرض وجود میں آیا مگر بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں کیا گیا ،ہرآنے والے حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پس پشت رکھ کر انگریز سامراج کے ایجنڈے پر ذاتی مفادات کی تکمیل کی ہے۔جمعہ کی چھٹی ختم ،سودی نظام معیشت، بے حیائی کے کلچر کوفروغ ،قادیانی نواز پالیسیاں اور آئی ایم ایف کی غلامی اس کا تسلسل ہے، اس جرم میں حکمرانوں کے ساتھ عوام بھی برابر کے شریک ہیں، کرپٹ دین بیزار اور غلام ابن غلام قیادت کی بجائے مخلص،دیندار قیادت کو منتخب کیا جاتا تو آج وطن عزیز بیروزگاری،مہنگائی، معیشت کی تباہی اور بیرونی جارحیت سے دوچار نہ ہوتا، قیام پاکستان کی بے قدری اور اللہ سے کئے گئے عہد سے بے وفائی کی وجہ سے آج ملک وقوم بے شمار مسائل کا شکار ہے اسلئے جہنم کی آگ سے نجات کے عشرہ میں اپنی کوتاہیوں کی توبہ واستغفار کرکے پاکستان کو حقیقی معنی میں اسلامی ریاست بنانے کا عزم کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سود کیخلاف فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت فیصلے کی روح کے مطابق پانچ سالوں کے اندر سودی نظام سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے آج  ایک بیان میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی اپیل پر شرعی عدالت کا فیصلہ جہاں پر خوش آئند ہے وہاں پر 32سال کے بعد فیصلے کا آنا پوری قوم کیلئے تشویش ناک بھی ہے، اللہ نے سود کو حرام قرار دیا ہے اور ہمارے دستور میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ کوئی بھی چیز قرآن وسنت کیخلاف نہیں چل سکتی، اس کے باوجود سودی نظام معیشت سمیت دیگر غیر شرعی اقدامات اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، حکومت نہ صرف عدالتی فیصلے پر سودی نظام کے خاتمے کیلئے ماہرین ،علماء کرام اور ربا فری بنک چلانے والے لوگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائے بلکہ پورے ملک کے نظام کو اسلام کے مطابق چلاکر قیام پاکستان کے حقیقی خواب کو شرمندہ تعبیر کرے۔اس حوالے سے جماعت اسلامی بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔