پاکستان کی کئی شعبوں میں افغانستان کو مدد کی پیشکش


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے ایک بار پھر افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے عالمی برادری کے مسلسل تعمیری کردار کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے   کئی شعبوں میں افغانستان کو تکنیکی مدد کی پیشکش کردی ہے،

ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے خطے کے ممالک اور عالمی برادری کے اراکین کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور د یتا آیا ہے کہ وہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھے اور موجودہ حالات پر محتاط اور نپے تلے انداز میں ردعمل ظاہر کرے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران افغانستان میں امن و استحکام اور ترقی کے لئے پاکستان نے اپنے عزم کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ اور ٹرانزٹ ٹریڈ نظام کے استحکام اور زمینی اور فضائی راستوں کے ذریعے لوگوں کو سفری سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں افغانستان کو تنکنیکی مدد پیش کی ہے ، پاکستان اور افغانستان نے تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفترخارجہ ترجمان کے مطابق افغان عبوری وزیر خارجہ نے ٹرائیکا پلس فارمیٹ کے تحت خصوصی نمائندوں سے بھی بات چیت کی،ترجمان کے مطابق  صبح افغان وفد اور ٹرائیکا پلس نے وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرتار پور راہداری گزشتہ سال جون سے پاکستان کی طرف سے کھلی ہے۔امید ہے بھارت بھی یاتریوں کو کرتار پور جانے کے لیے راہداری سے فائدہ اٹھانے کی اجازت دے گا