مدینہ کی اسلامی ریاست ،امر بالمعروف کو مذاق بنانے والے قوم کے خیر خواہ نہیں بن سکتے،امیر العظیم


پنجگور (صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاکہ مدینہ کی اسلامی ریاست ،امر بالمعروف کو مذاق بنانے والے قوم کے خیر خواہ نہیں بن سکتے ۔ حکومت تو ناکام ،اپوزیشن بھی عوام سے مخلص نہیں۔ موجودہ حکومت ملک کی ناکام ترین حکومت اوربدقسمتی سے ملک وملت کو موجودہ بحران سے نکالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے عوام کو مایوس اور مسائل،قرضوں،مہنگائی بے روزگاری اورپریشانی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ چہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔جماعت اسلامی ملک کو اسلامی اوربلوچستان کو خوشحال بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ ہوں گے تو بلوچستان کے عوام ترقی کر سکتی ہے حکمرانوں نے اگرصرف سیندک وریکوڈک منصوبے میں دیانت داری واخلاص دکھاتے ہوئے عوام کے مسائل ومشکلات اورپریشانیوں کو مدنظر رکھ کر بلوچستان کو اہمیت دی تو اس سے بھی بلوچستان کے مظلوم عوام کے غربت وپریشانی میں کمی آسکتی ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ پنجگور کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی گوادر مولانا لیاقت بلوچ ، پنجگور کے امیر مولانا صفی اللہ بلوچ ،ودیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاکہ لاپتہ افراد کو بازیاب ،بلوچستان میں موٹروے سمیت عوام کو سفر ،صحت وتعلیم کی جدید سہولیات فراہم کیے جائیں۔بلوچستان کے عوام حکمرانوں منتخب نمائندوں سے مایوس ہوئے ہیں اس لیے مختلف علاقوں سے قانون کے دائر ے میں جدوجہد کرنے اور آ ئینی معاشی حقوق کے حصول کیلئے ”حق دو” تحریکیں اُٹھ رہی ہے بلوچستان کو حق دو تحریک میں عوام اخلاص ونیک نیتی سے شامل رہے تو بھی مسائل ومشکلات اورپریشانیوں میں کمی آسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ملک قرضوں کے دلدل میں پھنس کر رہ گیا۔قرضے لیے جارہے ہیں ٹیکسزلگ رہی ہے زمینی حقائق کے برخلاف دستاویزات میں ملک وعوام ترقی کر رہاہے ۔منتخب نمائندوں کی ضمیروں کی خرید وفروخت سیاست وقانون اورملک کی بدنامی کا سبب ہے یہ سب عوامی مینڈیٹ کی توہین اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے جماعت اسلامی ملک وسیاست ،حکومت وعدالت کو اسلامی بنائیگی تاکہ لٹیرے ناکام ،عوام کامیاب اورملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے۔بلوچستان کو ترقی دینے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے بلوچستا ن کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے اوربدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔