ایوان صدر میں تقریب، نمایاں خدمات انجام دینے والوں کیلئے عسکری اعزازات


اسلام آباد(صباح نیوز)ایوان صدر میں عسکری اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت عارف علوی مہمان خصوصی تھے، وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوئے جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایوان صدرمیں عسکری اعزازات دینے کی تقریب میں صدر پاکستان نے پاک فضائیہ کے افسران کو نان آپریشنل فوجی اعزازات سے نوازا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق قابلِ فخر خدمات سر انجام دینے پر ایئر وائس مارشل محمد ندیم صابر، ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ اور ایئر وائس مارشل شمس الحق کو ہلال امتیاز (ملٹری) جبکہ ایئر مارشل ذوالفقار احمد قریشی، ایئر مارشل عرفان احمد کے لیے ہلال امتیازعسکری کا اعزاز عطا کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے 21 افسران کو ستار امتیاز(ملٹری)، 18 افسران کو تمغہ امتیاز(ملٹری) اور 13 افسران کو امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں حوالدار شعیب علی شہید اور لانس حوالدار رحمان الحق شہید، لانس نائیک سید محمد عباس شہید، سپاہی محمد ساجد شہید، سپاہی اسد خان شہید کے لیے بعداز شہادت ستارہ بسالت کا اعزاز عطا کیا گیا۔تقریب میں میجر جنرل حفیظ الدین، میجر جنرل محمد سلمان اشرف، میجر جنرل سلمان سلیم، ایئر مارشل محمد مغیث افضل، میجر جنرل قدرت اللہ ملک، میجرجنرل عامر اکرام کو ہلال امتیازعسکری کے اعزاز سے نوازا گیا