مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کرنے کا فیصلہ


 سری نگر(کے پی آئی) بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کرے گی ۔ بھارتی وزارت داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے  ۔

یہ کمپنیاں ان 50کمپنیوں کے علاوہ ہیں جنہیں حال ہی میں بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کیلئے تعینات کیا تھا۔ ان میں سے 30کمپنیوں کو صرف سرینگر میں تعینات کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس   سی آر پی ایف کی پانچ مزید کمپنیاں ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیرمیں تعینات کی جائیں گی ۔.

سی آر پی ایف کے ترجمان کے مطابق حال ہی میں جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے متعدد واقعات کے پیش نظر پانچ مزید کمپنیوں کو کشمیر  بھیجا جا رہا ہے۔

ان کمپنیوں کو وہاں آئندہ ایک ہفتے کے دوران تعینات کیا جائے گا۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل مزید 25 کمپنیوں کو وادی کشمیر بھیجا گیا تھا۔

سی آر پی ایف کے تمام اہلکار مقامی پولیس کو وادی کی صورتحال سے نمٹنے میں تعاون فراہم کریں گے۔اضافی پیرا ملٹری فورسز کو سرینگر میں موجود میریج ہالز/کمیونٹی سنٹرز میں رکھا گیا تھا جس کی مقامی باشندوں کے علاوہ  سیاسی جماعتوں نے بھی مخالفت کی تھی۔

ایک سی اے پی ایف کمپنی میں تقریبا 100 اہلکار  ہوتے ہیں اس کامطلب ہے کہ وادی کشمیر میں  تقریبا 5500 اضافی پیرا ملٹری اہلکار تعینات  ہوں گے۔

بھارتی اخبار کے مطابق جموں و کشمیر میں  بھارتی  وزیر داخلہ کی طرف سے سیکورٹی جائزہ اجلاسوں کے دوران کشمیر میں اضافی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کی ضرورت محسوس کی گئی تھی ۔

سینٹرل ریزرو پولیس فورس   سی آر پی ایف کی کشمیر  میں تقریبا 60 بٹالین ہیں، جن میں سے ہر ایک میں تقریبا 1,000 اہلکار شامل ہیں۔

ان میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ بھارتی حکام نے بتایا کہ اس سال سی آر پی ایف اور دیگر فورسز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران کشمیر میں کل 112 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 135 کو گرفتار کیا ہے