حکومت وفرینڈلی اپوزیشن عوامی مسائل مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی اوربدعنوانی کے ذمہ دارہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت وفرینڈلی اپوزیشن عوامی مسائل مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی اوربدعنوانی کے ذمہ دارہیں ۔عوام الناس کو سب نے مایوس کردیاجماعت اسلامی امید کی کرن ہے بدعنوانی کرپشن وکمیشن سے پاک جماعت اسلامی ہی قوم کو مسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے۔جماعت اسلامی نے قوم کو سلگتے مسائل سے نجات دلانے ،حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکرنے کیلئے ملک بھر میں عوامی دھرنے شروع کیے ہیں ۔عوام جماعت اسلامی کے دھرنوں میں ساتھ دیں تاکہ نااہل حکمرانوں سے نجات مل جائیں۔

اپنے بیا ن میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بدعنوانی ،مہنگائی،نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے کمر توڑ مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ نااہل اور بدعنوان حکمران کبھی کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے، ایک طرف وفاقی حکومت پاکستان کو آئی ایم ایف کے سپرد کرچکی ہے تو دوسری جانب مسلسل اقتدار کے مزے لوٹنے والی پارٹیوں نے بلوچستان کو کھنڈر بناکررکھ دیا ہے، شاہراہیں خراب،ڈبل روڈوموٹروے نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی خطرناک غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں کوئٹہ سے گوادر وژوب صوبہ صوبہ بھر کے عوام بھوک، بدحالی، بیروزگاری ،قبائلی تصادم اور اسٹریٹ کرمنلز کے رحم وکرم پر جبکہ حکمران لانگ مارچ،عدم اعتماد کے نام پر بدعنوانی ،خزانے کی لوٹ مار میں مصروف ہیں، بلوچستان کے عوام بار بار قوم پرستوں اورمذہب کے نام پر سیاست کرنے والوںکو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچایا لیکن وہ اقتدار میں آکر خود مالامال اورمظلوم کا استحصال کررہے ہیں ،بلوچستان سمیت پاکستان کے مظلوم عوام کے مسائل ومشکلات جماعت اسلامی کی دیانت دارقیادت حل کرسکتی ہے جس کیلئے اب عوام جماعت اسلامی کو موقع دیں،جماعت اسلامی اپنا ایک بے داغ اور شاندار ماضی رکھتی ہیں جماعت اسلامی نے اقتدار کے نہ ہوتے ہوئے بھی اس ملک میں عوام کی خدمت کی ہے،ہمیں موقع ملا تو ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ ہوگی۔ جماعت اسلامی کے پاس باصلاحیت و باکردارلوگوں کی ایک مکمل ٹیم موجود ہے جو پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرسکتی ہے، حکومتی نالائقیوں اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے 101 دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے جو بلوچستان میں بھی جاری ہیں ملک کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیا م میں مضمر ہے اسلامی نظام کے قیام تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔