حکومت کے نمبر پورے ہیں تو پھر اسمبلی کی کرسیاں ،قالین کیوں اکھاڑ دی،رانا ثناء اللہ


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومت کے نمبر پورے ہیں تو پھر اسمبلی کی کرسیاں اور قالین کیوں اکھاڑ دی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا اپنے ممبران پر خریدے جانے کا الزام لگانا ممبران کی تضحیک ہے، اپنے ارکان پر الزام نہ لگائیں، عوام کو کنگال کرنے پر ارکان آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر ارکان کو چھوڑیں، پرویز خٹک پہلے اپنے بھائی کو تو پی ٹی آئی میں واپس لے آئیں، بندے پورے ہیں تو اسمبلی کی کرسیاں کیوں اکھاڑ دیں، قالین کیوں اکھاڑ دیے؟ ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بلا تاخیر اجلاس بلائیں اور اپنے دعوؤں کو سچ کر کے دکھائیں، بڑھکیں مارنے اور روزانہ ہلکان ہونے کے بجائے اسمبلی اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دیر نہ کریں، فوری اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد کا ناکام بنا دیں، عمران نیازی اور وزرا کی بوکھلاہٹ ان کے بیانات سے عیاں ہے، ارکان پورے ہیں تو اپوزیشن ارکان کی خریداری کی ضرورت کیوں پڑی؟۔