اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، جس کے مطابق وزارت داخلہ نے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ تیار چیف کمشنر نے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے دیے گئے ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے پنجاب رینجرز اور ایف سی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے دی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ رینجرز اور ایف سی شہر میں امن وعامہ برقرار رکھنے کیلیے پولیس کی معاونت کرے گی۔۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے 24 نومبر کو دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہوئی ہے۔