کریانہ مالکان کی تجاویز کو پروگرام پالیسی میں شامل کیا جائے گا،سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر


لاہور (صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاو ن خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ کریانہ مالکان کی تجاویز کو پروگرام پالیسی میں شامل کیا جائے گا،کریانہ مالکان کی رجسٹریشن بذریعہ احساس راشن پورٹل جاری ہے۔

وہ لاہور میں احساس کریانہ مرچنٹ کنونشن میں اظہار خیال کررہی تھیں ،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی زیرمیزبانی لاہور میں احساس کریانہ مرچنٹ کنونشن کا انعقاد ہوا،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی نے مشترکہ صدارت کی۔

کنونشن کا مقصد احساس راشن رعایت میں شامل کریانہ دکانداروں کی حوصلہ افزائی تھا،ڈاکٹر ثانیہ نے احساس راشن رعایت میں کریانہ دکانداروں کے کلیدی کردار کو سراہا،پنجاب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے دکانداروں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں،دکانداروں کی رجسٹریشن مہم میں بھرپور تعاون پر پنجاب سے ڈپٹی کمشنروں کو بھی شیلڈز تقسیم کی گئیں

کنونشن میں کریانہ دکانداروں کے ساتھ ڈاکٹر ثانیہ کی جامع نشست ہوئی،ڈاکٹر ثانیہ نے کریانہ مالکان کے سوالات کے جوابات دئیے، پروگرام پر رہنمائی فراہم کی انہوں نے کہاکہ کریانہ مالکان کی تجاویز کو پروگرام پالیسی میں شامل کیا جائے گا، ڈاکٹر ثانیہ نے کہاکہ احساس راشن رعایت کے تحت مستحق گھرانوں کو30 فیصد راشن رعایت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کریانہ مالکان کو رعایتی رقم کے ساتھ آٹھ فیصد بغیر ٹیکس کمیشن بھی دیا جارہا ہے،ڈاکٹر ثانیہ نے کہاکہ کریانہ مالکان کو گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون و دیگر انعامات بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے،شفافیت کے پیش نظر پروگرام کو مکمل ڈیجیٹل بنایا گیا ہے،کریانہ مالکان کی رجسٹریشن بذریعہ احساس راشن پورٹل جاری ہے جبکہ کریانہ دکانداروں کیلئے خصوصی احساس کریانہ ایپ مرتب کی گئی ہے،پروگرام پر عملدرآمد نیشنل بینک کے ساتھ جاری ہے۔

کریانہ دکانداروں کے بینک اکاونٹ کھولے جارہے ہیں،سید یاور عباس بخاری، وزیر پنجاب برائے سوشل ویلفیئر وبیت المال، ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک بھی شریک ہوئے،نیشنل بینک، بینک آف پنجاب، بینک آف خیبر کی قیادت نے بھی شرکت کی،پنجاب بھر سے انجمن تاجران کے عہدیداران، مقامی کریانہ مالکان کی بڑی تعداد نے کنونشن میں شرکت کی ،ڈاکٹر ثانیہ نے کنونشن کے کامیاب انعقاد پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو مبارکباد دی۔