ہمارے شہروں میں پھر سے بارود کی بو پریشان کن ہے، مریم نواز شریف


لاہور/اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ہمارے شہروں میں پھر سے بارود کی بو پریشان کن ہے، جانوں کے نذرانے پیش کرکہ قائم کیا گیا امن نااہلی کی نذر ہو گیا۔اللہ تعالی پاکستان اور اس میں بسنے والوں پر اپنا رحم فرمائے،زخمیوں کو صحت یاب کرے اور شہدا کے خاندانوں کو صبر دے۔

ان خیالات کااظہار مریم نواز شریف نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی اللہ پاک کامل مغفرت فرمائے ۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گرد جو ہمیشہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلتے ہیں پاکستان کا امن تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں دھماکے ہونا دہشتگردی  کا دوبارہ منظم ہونا حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک پاکستان میں اللہ رحم۔

جبکہ (ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پشاور میں خود کش دھماکہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ بے گناہ نمازیوں کے قتل ناحق پر بے حد دکھ ہے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سانحہ کی مکمل تحقیق اور ذمہ داران کا فوری تعین کیا جائے .شہدا کے لواحقین اور زخمیوں  کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے-اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر دےآمین۔