پاکستان اور ازبکستان میں 8 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ازبکستان نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران مختلف مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر نے تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان ازبکستان ایم او یوز کے حوالے سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ازبکستان کے قومی ٹیلی ویژن اور ریڈیو کمپنی اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے درمیان ٹیلی ویژن اور ریڈیو براڈ کاسٹنگ کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین جبکہ ازبکستان کے وزیر ثقافت اوزود بیک نیزابیکوف نے دستخط کئے ۔ازبکستان کی وزارت سیاحت و سپورٹس اور پاکستان کی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے درمیان مذہبی زیارات کی سیاحت کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔

پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری جبکہ ازبکستان کے وزیر برائے امور خارجہ عبدالعزیز کامیلوف نے دستخط کئے ۔دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت سردار عمر زاکوف نے دستخط کئے ۔دونوں ملکوں کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پرمشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے پاکستان جبکہ سردار عمر زاکوف نے ازبکستان کی جانب سے دستخط کئے ۔

دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے روڈ میپ پر بھی دستخط کئے گئے ۔پاکستان کی جانب سے قومی سلامتی مشیر ڈاکٹر معید یوسف جبکہ ازبکستان کے سیکرٹری برائے سلامتی کونسل ویکٹر مخمودوف نے دستخط کئے ۔دونوں ملکوں کے درمیان وزارت ریلوے اور ازبکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مابین بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔پاکستان کی جانب سے سیکرٹری و چیئرمین پاکستان ریلویز حبیب الرحمن گیلانی جبکہ ازبکستان کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ الخوم مخکاموف نے دستخط کئے ۔تاشقند سٹی اور اسلام آباد سٹی کی انتظامیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

پاکستان کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی حمزہ شفقات جبکہ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر اوبک عثمانوف نے دستخط کئے ۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان ازبکستان کے علاقے سرخندریہ اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے درمیان تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ پاکستان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صنعت ذوالفقار علی شاہ جبکہ ازبکستان کی جانب سے پاکستان میں ازبک سفیر اوبک عثمانوف نے دستخط کئے ۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ازبک صدر کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر دونوں سربراہان مملک کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان سے ازبک صدر شوکت مرز ایوف  کی  ون آن ون ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، روابط، تعلیم، ثقافت، سلامتی اور دفاعی شعبوں متعدد دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔معاہدوں پر دستخط کے بعد دونوں رہنماں نے میڈیا سے مشترکہ گفتگو بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ناموس رسالت میں مسلم ممالک مل کر مہم چلانی چاہیئے، ازبکستان کے ساتھ ایک سال کے دوران تجارت میں 50 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ازبک صدر کا کہنا تھا کہ معیشت، تجارت اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ازبک صدر کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی آیا ہے جس میں وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلی سرکاری افسران، کاروباری اور میڈیا ارکان شامل ہیں۔